• news

طالبان کی خواتین پر پابندیاں، آسٹریلیا افغانستان کے خلاف کرکٹ سیریز سے دستبردار


لاہور (سپورٹس ڈیسک) طالبان کی جانب سے خواتین پر پابندیوں کو جواز بناتے ہوئے آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف ون ڈے کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان ون ڈے سیریز مارچ میں ہونی تھی تاہم آسٹریلیا افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے دستبردار ہو گیا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ سیریز سے دستبردار ہونے کیلئے حکومت سے طویل مشاورت ہوئی۔ فیصلہ یہ ہوا کہ اس وقت سیریز کھیلنا ممکن نہیں ہے۔ فیصلہ طالبان کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کی ملازمت اور تعلیم پر پابندی کی وجہ سے کیا گیا۔ خواتین اور لڑکیوں کو پارکس اور جم میں جانے کا بھی موقع نہیں دیا جاتا، کرکٹ آسٹریلیا خواتین اور مردوں کے کھیلوں میں حصہ لینے کی حمایت کرتا ہے۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی سپر سیریز کا حصہ ہے جو متحدہ عرب امارات میں شیڈول ہے۔ افغانستان کے کرکٹ بورڈ نے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی طرف سے ون ڈے سیریز سے دستبرداری کا فیصلہ غیر منصفانہ اور قابل افسوس ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ مارچ میںتین میچوں کی ون ڈے سیریز سے دستبردار ہونے کے کرکٹ آسٹریلیا کے قابل افسوس بیان سے انتہائی مایوس اور افسردہ ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے کے خلاف ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان کے کرکٹر نوین الحق نے احتجاجاً بگ بیش لیگ چھوڑ دی۔ نوین الحق نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اب یہ کہنے کا وقت آ گیا ہے کہ میں بگ بیش لیگ میں حصہ نہیں لوں گا۔ جب تک کرکٹ آسٹریلیا بچگانہ فیصلے ختم نہیں کرے گا ‘بی بی ایل میں شرکت نہیں کروں گا۔ پہلے واحد ٹیسٹ میچ سے پیچھے ہٹے اور اب ون ڈے سیریز سے دستبردار ہوگئے۔ ایسے ملک کو جسے سپورٹ کی ضرورت ہے آپ ان سے ایک خوشی کی وجہ واپس لے رہے ہیں۔
افغانستان/ آسٹریلیا

ای پیپر-دی نیشن