عوام کو روٹی مل رہی نہ حکومت کو فکر قیمت 20روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے : پشاور ہائیکورٹ
پشاور (نیٹ نیوز) آٹا بحران سے متعلق کیس میں پشاور ہائیکورٹ نے سیکریٹری فوڈ، ڈی جی فوڈ اور اے ڈی سی کو مارکیٹ کا دورہ کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس قیصر رشید خان نے ریمارکس دیے کہ کہاں ہے خوراک کا محکمہ، کیا یہ محکمہ موجود بھی ہے اور اس کا کیا فائدہ ہے۔ آٹا اتنا مہنگا کر دیا گیا ہے کہ عوام کو ایک وقت کی روٹی نہیں مل رہی اور حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ لوگ 30 روپے کی کاغذی روٹی خریدنے پر مجبور ہیں، یہ حکومت کی کارگردگی ہے۔ سیکریٹری فوڈ نے بتایا کہ آٹا کی قیمت میں کمی آئی ہے اور پشاور میں 20 کلو آٹا کے تھیلے کی قیمت 2400 روپے ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ جائے اور دیکھیں، پشاور اور صوبے میں کہاں کہاں پر 2400 روپے میں 20 کلو آٹا مل رہا ہے۔ تندور کو بھی دیکھیں کہ روٹی کتنے کی مل رہی ہے اور وزن کیا ہے، روٹی کی قیمت 20 روپے سے زائد نہیں ہونا چاہیے۔
پشاور ہائیکورٹ