سویٹ ہوم کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی میں بلڈ کیمپ، سینکڑوں وکلاء کے عطیات
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک اور زمرد خان (ہلال امتیاز) کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی میں معصوم زندگیاں بچانے کے مشن میں عظیم الشان بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سینکڑوں وکلاء نے اپنے خون کے عطیات دے کر معصوم زندگیاں بچانے کے عظیم مشن میں بھرپور حصہ لیا۔ اس موقع پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) نے بلڈ کیمپ کا دورہ کیا اور خون کے عطیات دینے والے وکلاء کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ خطاب کرتے ہوئے زمرد خان نے کہا آج مجھے سب سے زیادہ خوشی ہے کہ میرے مادر علمی ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی جس نے مجھے بے پناہ عزتوں سے نوازا وہاں آج میری آواز پر وکلاء کی بڑی تعداد اپنے خون کے عطیات دینے پہنچی اور اس پاکیزہ مشن میں میرا بھرپور ساتھ دیا۔ راولپنڈی بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ ہر مشکل حالات میں تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے خون کے عطیات دینے میں صف اول کا کردار ادا کیا۔ تمام جج صاحبان، وکلاء اور دیگر بارز سے بھی اپیل کرتا ہوں انسانیت کی خدمت کے اس عظیم سفر میں میرا ساتھ دیں اور میرے ہمسفر بنیں۔ ایک انسان کو بچانا تمام انسانیت کو بچانے کے برابر ہے۔ وکلاء برادری کا اتنی بڑی تعداد میں خون کے عطیات دینا یقیناً انسانیت سے محبت کا عملی اظہار ہے۔ خون کا عطیہ دینا عظیم صدقہ جاریہ اور عین عبادت ہے۔ ہمارے ہوتے ہوئے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور بلڈ کینسر کے مرض سے جنگ لڑتے معصوم بچے تنہا نہیں۔ ان بچوں کے لیے اگر مجھے پورے پاکستان میں بھی پھرنا پڑا تو شہر شہر جاکر ان کے لیے خون کے عطیات جمع کروں گا۔ میں ان تمام وکلاء کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے میری آواز پر لبیک کہا اور میرے عظیم اور پاکیزہ مشن میں بھرپور حصہ لیا۔ پاکستان سویٹ ہوم نہ صرف ہزاروں یتیم بچوں کی زندگیاں بدل رہا ہے بلکہ لاکھوں معصوم بچوں کے جینے کی امید بھی ہے جنہیں مسلسل خون کے عطیات کی اشد ضرورت کا سامنا ہے۔ زمرد خان نے مزید کہا کہ اللہ تعالی نے مجھے زندگی کے خوبصورت مشن سے نوازا ہے۔ پاکستان سویٹ ہوم اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ بلاشبہ یہ معجزات کی دنیا ہے۔ 2009 میں پاکستان سویٹ ہوم کا آغاز ایک بچے سے ہوا اور آج ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے بچے آج ملک کی نامور یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں جوکہ ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے۔ دنیا کی تاریخ کا پہلا کیڈٹ کالج جو صرف یتیم بچوں کے لیے شہیدوں و غازیوں کی سرزمین گوجر خان میں واقع ہے جہاں 200 سے زائد کیڈٹس زیر تعلیم ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے مراکز کراچی، سکھر، سرگودھا، گجر خان، کشمیر، شمالی وزیرستان اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں پھیلے ہوئے ہیں جہاں ہزاروں یتیم بچے زیر کفالت اور بہترین ماحول میں تربیت پا رہے ہیں۔ شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں پاک فوج کے تعاون سے بنایا۔ الحمدللہ! آج سینکڑوں کی تعداد میں یتیم بچے وہاں بہترین ماحول میں تربیت پا رہے ہیں۔ شمالی وزیرستان میر علی میں گولڈن ایرو کے نام سے پاکستان سویٹ ہوم قائم ہے، اللہ تعالیٰ کے مشن پر نکلا تو سیاست کو خیرباد کہہ دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ وقت بھی دور نہیں جب میرے یہ بیٹے اور بیٹیاں ڈاکٹرز، انجینئرز، اور آرمی پروفیسرز بن کر ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔ میں ان بچوں کو بڑے آدمی نہیں بلکہ بڑے انسان بنانا چاہتا ہوں جو دنیا میں انسانیت کی خدمت میں پاکستان کی پہچان ہوں گے۔ اس موقع پر پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک کے ڈائریکٹر پروجیکٹ اسد بن اعظم کا بریفننگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک اور زمرد خان (ہلال امتیاز) کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف مقامات، چوکوں چوراہوں، سڑکوں، گلی، محلوں سمیت پبلک پارکس، یونیورسٹیز اور کالجز میں بلڈ ڈونیشن کیمپس کا انعقاد کررہی ہے جس سے اب تک 10 ہزار سے زائد خون کی عطیات جمع کیے جا چکے ہیں جس سے اب تک کم و بیش 30 ہزار سے زائد معصوم زندگیاں بچائی جاچکی ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک کی ٹیم مسلسل پمز ہسپتال اسلام آباد، جمیلہ سلطانہ فاؤنڈیشن راولپنڈی، سندس فاؤنڈیشن اسلام آباد اور پاکستان تھیلیسیمیا ویلفیئر سوسائٹی راولپنڈی کو خون کے عطیات باقاعدگی سے پہنچا رہی ہے جس سے ہزاروں مریض فیض یاب ہورہے ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کی جانب سے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا، بلڈ کینسر اور ایمرجنسی کیسز سمیت ڈینگی اور کرونا وائرس سے لڑتے مستحق مریضوں کے لیے خون کے عطیات کا بندوست کیا جارہا ہے۔اس موقع پر ممبر پنجاب بار کونسل اسد عباسی، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی ایڈووکیٹ ارشد مجید ملک، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ ملک مبشر رفاق، جوائنٹ سیکرٹری ایڈووکیٹ شعیب بھٹی، سابق سیکرٹری ہائی کورٹ بار ایڈوکیٹ سعید یوسف خان، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی ایڈووکیٹ زاہدہ ایاز، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایڈووکیٹ رضوان اختر اعوان، سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایڈووکیٹ ملک ظہیر ارشد، سابق ممبر پنجاب بار کونسل ایڈووکیٹ سید انتخاب حسین شاہ، سابق سیکرٹری ہائی کورٹ بار ایڈوکیٹ فیصل نیازی، سابق ممبر پنجاب بار کونسل ایڈووکیٹ سید انتظار مہدی شاہ، نائب صدر ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی انسہ منہاس ستی، ایڈووکیٹ ملک ذیشان رفیق، ایڈووکیٹ مبشر جعفر قصوری، ایڈووکیٹ ملک عاصم رضا،ایڈووکیٹ شوکت ستی، ایڈووکیٹ حسنین علی خان، ایڈووکیٹ معراج مغل، ایڈووکیٹ عبدالوحید بابر بھی موجود تھے۔بلڈ ڈونیشن کیمپ میں پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج سوہاوہ کے کیڈیٹس نے بھی بھرپور حصہ لیا اور راولپنڈی کچہری میں وکلاء و جج صاحبان کے چیمپرز میں جاکر خون کے عطیات دینے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔