ناظم جوکھیو قتل، پی پی رکن اسمبلی سمیت 3 ملزموں کی صلح درخواست منظور
کراچی (نوائے وقت) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد پیپلز پارٹی رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت 3 ملزمان کی صلح نامے کی درخواست منظور کر لی۔ کراچی ملیر کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں ملزمان کی مقتول کے ورثاء سے صلح کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ ملزمان جام اویس و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے پیپلز پارٹی رکن سندھ اسمبلی جام اویس، معراج جوکھیو اور احمد خان کی صلح نامے کی درخواست منظور کر لی جبکہ 2 ملزمان کی صلح نامے کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ 2 ملزمان پر اغوا کا الزام ہے لہذا صلح کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔ ملزمان دودو خان اور سومار کو قتل کے الزام میں رہا کیا جاتا ہے جبکہ دونوں کے خلاف مقتول کے اغوا کا مقدمہ چلے گا۔