حافظ آباد ، چینوٹ ، وزیرآباد ،بہاولپور میںآٹے کی قلت ، مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلیاں
چنیوٹ‘ بہاولپور‘ وزیر آباد‘ حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار) بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف جماعت اسلامی سراپا احتجاج بن گئی۔ چنیوٹ دفتر جماعت اسلامی سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مین جھنگ روڈکی ٹریفک بلاک ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی ضلع چنیوٹ ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی بے روزگاری غربت اور آٹے کی لمبی قطاروں میں شہریوں کو ذلیل کرنے کے خلاف سراپا احتجاج بن گئی۔ ضلعی دفترجماعت اسلامی جھنگ روڈ چنیوٹ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سیکڑوں کارکنان نے شرکت کی اور مین جھنگ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گیا۔ بہاول پور میں سراج الحق کی کال پر مہنگائی بے روزگاری آٹے کی قلت اور عوامی مسائل سے مسلسل نظر اندازی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ دفتر جماعت اسلامی سے فرید گیٹ تک ریلی نکالی گئی۔ مظاہرے کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر، ملک کامران، نصراللہ خان ناصر نے کی۔ مظاہرہ میں جماعت اسلامی کے ارکان وکارکنان نے شرکت کی۔ جماعت اسلامی وزیرآباد کے زونل امیر حافط فرحان منیر بٹ، سٹی صدر جاوید مغل نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے عوام کے 14طبق روشن کردیئے۔ عوام فاقوں پر مجبور ہیں۔ عوام آٹا حکمران مفادات کے لئے دست وگریباں ہیں۔ بحرانوں سے لوگ زندہ لاشیں بن گئے ہیں۔ اس موقع پر صابر حسین بٹ، ندیم نور حسین، رانا عقیل احمد، عامر، عتیق مہر، عثمان غنی، فیصل مجید، تحسین زیدی سمیت متعدد ذمہ داران موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی یہاں جامع الفتح علی پور روڈ سے نکالی گئی جس کی قیادت ضلعی امیر ڈاکٹر محمد یسن اور امان اﷲ چٹھہ نے کی۔ ریلی میں کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر کارکناں نے حکمرانوں کے خلاف سخت نعرہ بازی بھی کی جبکہ ضلعی امیر ڈاکٹر محمد یسن اور نائب امیر ضلعی امان اﷲچٹھہ نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ نااہل حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے جماعت اسلامی کا مکمل ساتھ دیں۔