• news

مہنگائی مزید بڑھ گئی ،شرح 31.7  فیصد ،23 اشیاء کی قیمت میں اضافہ : ادارہ شماریات 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.44 فیصد کا اضافہ ہو گیا۔ 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں، 7 سستی ہوئیں جبکہ 21 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیئے، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 31.7 فیصد تک پہنچ گئی۔ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی مجموعی شرح 30.60 فیصد تھی۔ ادارہ شماریات کے مطابق آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 115 روپے ، ایل پی جی کے 11.67 کلو سلنڈر کی قیمت میں 134 روپے کا اضافہ ہوا، ڈبل روٹی کی قیمت 4 روپے بڑھ گئی جبکہ لہسن کی فی کلو قیمت میں 16 روپے کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق انڈے فی درجن 12 روپے مہنگے ہوئے، باسمتی ٹوٹا چاول 5، باسمتی ثابت چاول فی کلو 3 روپے مہنگے ہوئے، ایک ہفتے میں دال مونگ 10، دال چنا 5، دال مسور 4 روپے مہنگی ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق سرسوں کے تیل کی قیمت میں بھی 8 روپے کا اضافہ ہوا۔ آگ جلانے والی لکڑی، گڑ، انرجی سیور بلب اور کھلا دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء  میں شامل ہیں۔ ایک ہفتے میں ٹماٹر 8 روپے سستے ہوئے، آلو کی قیمت میں 5 روپے کی کمی ریکارڈ ہوئی، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 13 روپے کی کمی ہوئی، ویجیٹبل گھی اور چینی بھی حالیہ ہفتے سستی ہونے والی اشیاء  میں شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن