وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب کی صورتحال پر اجلاس : اماراتی تاجروں کی سرمایہ کاری میں دلچسپی
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہنرمند افرادی قوت کو متحدہ عرب امارات بھیجنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ خوش آئند ہے، ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے بورڈ میں پاکستانی تاجر کی بطور ممبر موجودگی متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کا اعتراف ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت چیمبر کے چیئرمین عبداللہ محمد المزروعی کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یو اے ای کے ایک اہم چیمبر آف کامرس کے وفد سے مل کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی چیمبر نے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چیمبر میں پاکستانی ممبران میں سے ایک تاجر کا بورڈ ممبر بننا ہمارے لئے فخر کی بات ہے جو اس حقیقت کا مظہر ہے کہ پاکستانی کمیونٹی متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت کے وژن اور دانشمندی نے مختصر عرصے میں متحدہ عرب امارات کو اقتصادی اور سیاحت کا مرکز بنایا ہے، پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ عقیدے، مشترکہ تاریخ اور عوام سے عوام کی سطح پر رابطوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کو اپنا ہمسایہ ہونے کے ناطے ایک اہم سٹرٹیجک اور اقتصادی شراکت دار سمجھتے ہیں جو خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور مشترکہ سماجی و اقتصادی ترقی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے اور ہم پاکستانی چیمبرز پر زور دیں گے کہ وہ ابوظہبی چیمبر کے ساتھ نئے روابط استوار کریں۔ وزیر اعظم نے ابوظہبی چیمبر کے اراکین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کاروبار کو بڑھانے کے بہترین مواقع کا تجربہ کرنے کے لئے پاکستان کا دورہ کریں۔ ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے ارکان نے پاکستان میں کاروبار کرنے اور سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ مزید براں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کا یو اے ای کا دورہ دو طرفہ دوستی کو سٹرٹیجک پارٹنرشپ میں بدلنے میں معاون ثابت ہوگا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جمعہ کو پاکستان بزنس کونسل متحدہ عرب امارات کے وفد سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ پاکستانی بزنس مین اپنی محنت اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں اپنا اور پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ان کی ملاقاتیں کامیاب رہیں، ان کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی کو سٹرٹیجک پارٹنرشپ میں بدلنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں عالمی برادری نے توقع سے بڑھ کر اعلانات کیے۔ وزیراعظم نے پاکستان بزنس کونسل متحدہ عرب امارات کے وفد کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں توانائی، رئیل اسٹیٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، متبادل توانائی، فوڈ پراسیسنگ، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں اور بزنس مین کو تمام تر سہولیات دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تجاویز کے ساتھ پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔ وفد نے حکومتی معاشی پالیسیز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم سے امارات کے وزیر برائے ٹالرنس شیخ نیہان بن مبارک نے ملاقات کی اور اقتصادی رابطے مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرف امارات کا دو روزہ کامیاب دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم کے ساتھ وفاقی وزراء بھی لاہور پہنچ گئے۔ وزیراعظم نے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کی تحلیل پر تبادلہ خیال ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزرائ‘ معاونین خصوصی اور دیگر شریک ہوئے۔ گورنر پنجاب کے وکیل منصور عثمان اعوان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق رانا ثناء اﷲ ‘ اسحاق ڈار‘ خواجہ سعد رفیق‘ ملک محمد احمد خان‘ عطاء تارڑ اور کچھ ارکان پنجاب اسمبلی بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال ‘ پنجاب اسمبلی کی تحلیل‘ آئندہ صوبائی انتخابات سمیت مختلف آئینی و قانونی آپشنز پر غور کیا گیا۔بعض ذرائع کے دعویٰ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب اسمبلی توڑنے کے بعد 12 اپریل کو الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے فیصلے سے پارٹی رہنماؤں کو آگاہ کر دیا ہے۔ نواز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز اسی ماہ پاکستان واپس آئیں گے اور پاکستان واپس آکر انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں گے۔ مسلم لیگ ن نے پارٹی رہنماؤں کو اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات وقت پر ہونگے۔