• news

 لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات آج، 2 ارکان بلامقابلہ کامیاب 

 لاہور (خبرنگار+ آئی این پی) لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات آج ایوان عدل میں ہوں گے۔ پولنگ صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ چیئرمین الیکشن بورڈ نوید عنایت ملک نے انتظامات مکمل کرلئے۔ 13 ہزار سے زائد وکلا بائیو میٹرک سسٹم کے تحت اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔ چیئر مین الیکشن بورڈ نے بتایا کہ پانچ پولنگ بوتھ مرد وکلاء کے لیے اور ایک خواتین وکلاء کے لیے بنایا گیا ہے۔ لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں 31 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ صدرات کی نشست پر رانا انتظار حسین، رانا نعیم اور چودھری منیر بھٹی کے درمیان مقابلہ ہے۔ نائب صدر کی نشست پر آصف گورائیہ، الیاس حسین چوہان، سجاد بٹ، سید عرفان شاہ، میاں شرجیل، نثار اکبر بھٹی، ندیم انجم خان امیدوار، ماڈل ٹاون نائب صدر کی سیٹ پر کنول آفتاب، ہادی حسین بھٹی امیدوار ہیں۔ سیکرٹری کی نشست پر رانا نعیم طاہر، حارث سوہل، حسن جاوید ملک، عمیر وقاص وڑائچ، ملک کفیل کھوکھر اور مہر احسن امیدوار ہیں۔ جوائنٹ سیکرٹری کیلئے عرفان الیاس، عاطف کمال بھٹی، ماریہ جبین اور وسیم احمد کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ الیکشن بورڈ نے  فرخ احمد خان ، آڈیٹر ملک ممتاز اعوان  کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیدیا۔

ای پیپر-دی نیشن