حمزہ اعتماد کے ووٹ کو غیر قانونی کہہ کر اپنی پارٹی ،گورنر پر عدم اعتماد کر رہا:فیاض چوہان
لاہو ر( این این آئی) ترجمان وزیر اعلی پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز اعتماد کے ووٹ کے عمل کو غیر قانونی دیکر اپنی پارٹی اور گورنر کے اوپر عدم اعتماد کا اظہار کر رہا ہے،ان چوروں اور لٹیروں سے اب میدان میں ہی مقابلہ ہوگا،(ن) لیگ کے کاغذی شیر کو پنجاب میں بری طرح الیکشن میں چاروں شانے چت کر دیا جائیگا۔ انہوںنے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی جانب سے اعتماد کے ووٹ کے عمل کو ہدف تنقید بنانے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کی طرف سے اسمبلی کے اندر وزیر اعلی کے اعتماد کے عمل کو ہدف تنقید بنانا مضحکہ خیز ہے، گورنر نے وزیر اعلی کے اعتماد کے ووٹ کے عمل کو تسلیم کرتے ہوئے خود ریکوزیش واپس لی ،گورنر کا وکیل عدالت میں مان چکا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب نے اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے، دوسری طرف حمزہ شہباز ملک سے باہر بیٹھ کر سکون کے ستو اور بھنگ پی کر سویا ہوا ہے، حمزہ شہباز کو پتا ہی نہیں کہ وزیر اعلی کے اعتماد کے ووٹ کا عمل آئینی ہے یا غیر آئینی،حمزہ شہباز اعتماد کے ووٹ کے عمل کو غیر قانونی دیکر اپنی پارٹی اور گورنر کے اوپر عدم اعتماد کا اظہار کر رہا ہے،اس بات سے حمزہ شہباز کے سیاسی شعور کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ فیاض چوہان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی سمری گورنر کو پہنچ چکی ہے، ان چوروں اور لٹیروں سے اب میدان میں ہی مقابلہ ہوگا۔اب ہوائیں ہی کریں گی روشنی کا فیصلہ، جس دیئے میں جان ہوگی وہ دیا رہ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ کے کاغذی شیر کو پنجاب میں بری طرح الیکشن میں چاروں شانے چت کر دیا جائیگا۔ عمران خان کی قیادت میں پنجاب اور پورا پاکستان تعمیر و ترقی کے راستے پر گامزن ہوگا۔