بھارت: جادو، نحوست کے خاتمے کیلئے 9 سالہ بچہ ذبح، ٹکڑوں میں تقسیم
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں سفاکیت بھرے ایک واقعے میں 9 سالہ بچے کو کالے جادو اور نحوست کے خاتمے کے نام پر ذبح کرکے بلی چڑھا دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق توہم پرستی اور جاہلانہ روایات کے امینوں نے دادرا نگر حویلی کے قبائلی علاقے میں نو سالہ لڑکے کو قتل کر دیا گیا۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ معصوم بچے کو توہم پرستوں نے بلی چڑھا دیا تھا۔ پہلے بچے کو ذبح کیا گیا۔ پھر لاش کے ٹکڑے کئے گئے۔ پولیس نے بہیمانہ قتل کے الزام میں تین افراد کو حراست میں لے لیا جن میں ایک 14 سالہ لڑکا بھی شامل ہے جس نے مقتول کو اغوا کرنے کا اعتراف کر لیا۔ پولیس کو دیئے گئے بیان میں چودہ سالہ لڑکے نے بتایا کہ دو دیگر افراد کی مدد سے لڑکے کو بلی چڑھایا تاکہ نحوست ختم ہو اور ہم مالدار ہو جائیں۔ تینوں ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔