• news

آج بلدیاتی الیکشن پر کراچی حیدرآباد میں تصادم کا خطرہ عالمی امداد حکومت پر اظہار اعتماد : رانا ثناء



لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر + اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ آج بلدیاتی الیکشن پر کراچی‘ حیدر آباد میں تصادم کا خطرہ ہے‘ عالمی امداد اتحادی حکومت پر اظہار اعتماد اور ان لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو کہتے تھے پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا۔ انہوں نے پشاور میں تھانہ سربند پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت بھی کی۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ عمرانی ٹولے نے ملک کی معیشت کا برا حال کیا‘ پرویز الٰہی اس وقت مسلط ہیں‘ دو تین ماہ میں پنجاب کو اس طرح لوٹا کہ اس کی مثال نہیں ملتی۔ عالمی امداد ملک کو تباہی سے نکالنے میں مدد کرے گی جس سے ڈالر سستا ہو گا‘ مہنگائی کم ہو گی اور لوگوں کی ناراضی ختم ہو گی۔ اگر عمران خان الیکشن میں کامیاب ہوا تو ملک میں تباہی ہو گی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے پشاور میں تھانہ سربند پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے تھانہ حملہ سے ایک ڈی ایس پی اور دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم، ورثاء سے تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ وزیر داخلہ نے خیبر پختونخوا میں امن وامان کی مسلسل بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ساری توانائیاں صوبائی اسمبلی توڑنے پر مرکوز ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت اور صوبے میں امن وامان وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ترجیح ہی نہیں۔ کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پرکشیدگی پرگہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے آج 15 جنوری کوانعقاد پرسیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات نے تشویشناک صورتحال اختیارکر لی ہے۔ شرپسند عناصر صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئی ایک چھوٹا سا واقعہ کراچی اور حیدرآباد میں کسی بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اورالیکشن سے متعلقہ دیگر فریقین کومعاملہ فہمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کی فضاکو ڈی فیوزکرنے کی ضرورت ہے۔ الیکشن کمشن اور عدلیہ حالات کی سنگینی کا نوٹس لیں، آئین اور قانون کی روشنی میں مناسب حل نکالا جائے۔
رانا ثناء

ای پیپر-دی نیشن