پشاور میں آپریشن‘ جھڑپ‘ 2 دہشت گرد ہلاک‘ 3 فرار
پشاور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ خصوصی) سی ٹی ڈی پشاور ریجن اور پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 3 فرار ہو گئے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد گل حئی سہولت کاری، آئی ڈی دھماکے اور بھتہ خوری میں ملوث تھا۔ دہشت گرد عمر اے آئی جی اشرف نور، ہارون بلور پر خودکش دھماکے میں مطلوب تھا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، دونوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ ایک دہشت گرد کا تعلق باڑہ خیبر اور دوسرے کا پشاور یکہ توت سے ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے پشاور میں دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔ آصف علی زرداری کا پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ قابل تشویش ہے۔ خیبر پختونخوا کی حکومت نے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کو متحرک کر کے دہشتگردوں کا مکمل صفایا کیا جائے۔
دہشتگرد ہلاک