رانا انتظار لاہور‘ عمر حیات شیخوپورہ‘ فیصل حسین ننکانہ بار کے صدر منتخب
لاہور‘ حافظ آباد‘ شیخوپورہ‘ ننکانہ صاحب‘ قصور (خبر نگار + نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی + نامہ نگار خصوصی + نامہ نگاران) پنجاب میں ڈسٹرکٹ بار کونسلز کے سالانہ انتخابات ہوئے۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات میں صوبہ بھر میں وکلاء کی جانب سے نمائندوں کے انتخاب کیلئے حق رائے دہی کا استعمال کیا گیا۔ پنجاب بار کونسل نے لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں بے ضابطگیوں کی شکایات پر الیکشن 23 جنوری تک ملتوی کر دیئے۔ جبکہ چیئرمین الیکشن بورڈ نے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین الیکشن بورڈ نے حامد خان گروپ کے امیدوار رانا انتظار کو کامیاب امیدوار قرار دے دیا۔ اعلانات کے بعد وکلاء نے ایوان عدل کے باہر آدھا گھنٹہ اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی گئی۔ پولیس موقع سے فرار ہو گئی۔ مختلف دس نشستوں پر 39 امیدوار مدمقابل تھے۔ اس دوران عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار منیر حسین بھٹی نے مختلف پولنگ بوتھ پر بے ضابطگیوں کی شکایت کی جس پر مختلف اوقات میں چیئرمین الیکشن بورڈ نے پولنگ روک دی۔ شام سوا پانچ بجے پنجاب بار کونسل کے ممبر چودھری بابر وحید نے دعویٰ کیا کہ انتظامیہ کی شکایات پر لاہور بار کے الیکشن ملتوی کر دیئے گئے ہیں اور اب نئے الیکشن 23 جنوری کو ہو ںگے۔ دوسری جانب چیئرمین الیکشن بورڈ نوید عنایت ملک نے نتائج کا اعلان کیا۔ منیر حسین بھٹی نے الزام لگایا کہ آج کا الیکشن دھاندلی زدہ الیکشن تھا۔ وکلاء کی وقفے وقفے سے فائرنگ واقعات کے بعد دیگر وکلاء اور خواتین وکلاء خوف و ہراس کا شکار ہوئے۔لاہور بار ایسوسی ایشن سابق کیبنٹ نے فوری چارج چھوڑتے ہوئے نومنتحب باڈی کو عہدے سونپ دیئے‘ لاہور بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر سمیع نے نومنتحب عہدیداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ الیکشن کمیٹی لاہور بار کے مطابق لاہور بار ایسوسی ایشن کے رزلٹ کو کسی صورت معطل نہیں کیا گیا۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کامیاب امیدوار اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حافظ آباد کے سالانہ انتخابات میں ملک وقاص رضا اعوان ایڈووکیٹ اپنے مدمقابل سید عاصم بخاری کو ہرا کر بار کے صدر جبکہ سیکرٹری جنرل کی سیٹ پر مزمل عزیز گجر ایڈووکیٹ اپنے مدمقابل وسیم اعجاز کو ہرا کر سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے۔ دوسری جانب عاصم نذیر بھٹی نائب صدر‘ رانا شفقت اسحاق جائنٹ سیکرٹری‘ سرفراز احمد فنانس اور لائبریری سیکرٹری مسز روبینہ کوثر منتخب ہو گئیں۔ اس موقع پر وکلاء نے اپنے اپنے پسند کے امیدواروں کی جیت کی خوشی میں بھنگڑے ڈالے‘ گلپاشی کی اور جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔عمر حیات بھٹی ایڈووکیٹ صدر شیخوپورہ بار اور صہیب اسلم سندھو ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری بن گئے۔ ڈسٹرکٹ بار کونسل میں صبح 9بجے شروع ہونے والی ووٹنگ شام 5بجے تک جاری رہی جبکہ کل 2183 ووٹرز میں سے 1786وکلاء نے رائے حق دہی استعمال کیا جن میں سے2 ووٹ مسترد ہوئے، عمر حیات بھٹی1083 اور انکے مدمقابل امیدوارعاصم حمید بھنگو ایڈووکیٹ نے 683 ووٹ حاصل کئے۔ صہیب اسلم سدھو نے 698 اور عمران بھٹی 695 اور رانا عرفان احمدایڈووکیٹ نے 372 ووٹ حاصل کئے جبکہ نائب صدر کی نشست پر ندیم اکرم ملک ایڈووکیٹ 897 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔ انکے مدمقابل امیدوارغفار احمد غوری کو 785ووٹ ملے۔ عمر حیات بھٹی ایڈووکیٹ نے وکلاء برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس جیت کو اپنے حامی وکلاء کی کاوشوں کا ثمر قرار دیا اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ وہ انتخابی وعدوں کی تکمیل یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ ننکانہ صاحب میں محمد امین بھٹی گروپ نے میدان مار لیا۔ فیصل حسین سکندر سدھوایڈووکیٹ 392 ووٹ حاصل کرکے صدر جبکہ مخالف گروپ کے رائے رضوان کھرل ایڈووکیٹ 423ووٹ حاصل کر کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ محمد امین بھٹی گروپ کے رائے علی اکبر کھرل ایڈووکیٹ ( نائب صدر) رائے سجاد احمد کھرل ایڈووکیٹ (جوائنٹ سیکرٹری) مرزا محمد یٰسین ایڈووکیٹ ( فنانس سیکرٹری)علی زمان شاہ ایڈووکیٹ (لائبریری سیکرٹری) اور خضر حیات چٹھہ ایڈووکیٹ (آڈیٹر) بن گئے۔ یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب کے کل رجسٹرڈ ووٹ 890تھے جن میں سے کل 767ووٹ کاسٹ ہوئے۔ قصور بار کے الیکشن ایک گروپ کے ووٹ خریدنے پر ملتوی کردیئے گئے۔ مبینہ طور پر وکلاء کے ایک گروپ کی جانب سے وکلاء میں پیسے تقسیم کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ وکلاء نے نعرے بازی کی۔ قصور بار میں 2338 وکلاء نے حق رائے دہی کا استعمال کرنا تھا۔ ڈسٹرکٹ بار سرگودھا کے سالانہ انتخابات میں گنتی جاری ہے ابھی تک 1200 ووٹوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق صدر کے لئے رانا ظفر یاسین اور جنرل سیکرٹری کے لئے ضمیر شیرازی جبکہ نائب صدر کے لئے سعدیہ ہما شیخ آ گے ہیں۔میاں طلعت ایڈووکیٹ 725 ووٹ لیکر اوکاڑہ بار کے صدر، جنید کھچی ایڈووکیٹ 751 ووٹ لے کر سیکرٹری‘ سینئر نائب صدر رافعہ تبسم ایڈووکیٹ 657 ووٹ نائب صدر رائے آفتاب احمد ایڈووکیٹ 655، جوائنٹ سیکرٹری چوہدری علی زیب ایڈووکیٹ 793، فنانس سیکرٹری عابد شہزاد ایڈووکیٹ 727 ووٹ، لائبریری سیکرٹری ملک ممتاز ریحان ایڈووکیٹ 713، آڈیٹر عتیق صدیق 717 ووٹ لے کر کامیاب، رزلٹ انائونس ہوتے ہی اوکاڑہ بار میں جشن کا سماں نظر آیا۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے سالانہ انتخابات برائے سال 2023-ء 24ء میں فیصل خان نیازی صدر اور راجہ محمد علی جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ تحصیل بار ایسوسی ایشن ٹیکسلا کے انتخابات میں آصف مختار بٹ صدر اور یاسر عرفان گجر سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ لائبریری سیکرٹری اورآڈیٹرکی نشست سمیت مجلس عاملہ کی10نشستوں میں سے8پر پہلے ہی امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے تھے۔ الیکشن بورڈ کے اعلان کردہ نتائج کے مطابق صدارت کی نشست پر 3امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کے بعد فیصل خان نیازی 1294ووٹ لے کر پہلے، سید انتظار مہدی شاہ 1207ووٹ لے کر دوسرے اور سید آفتاب احمد شاہ 81 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ نائب صدر کی نشست پر ون ٹوون مقابلے کے بعد شاہد حمید بھٹی1553ووٹ لے کر پہلے اور نرگس شبیر علوی 997ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔