• news

کراچی کے عوام آج نفرت‘ تعصب کی سیاست کرنے والوں کا صفایا کر دیں گے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام اتوار کو کرپشن، نفرت اور تعصبات کی سیاست کرنے والوں کا صفایا کریں گے۔ بھتہ خوروں کے جانے کا وقت آ گیا، شہر میں امن اور ترقی کے لیے کراچی کے لوگ بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے عوام کے دس سال ضائع کیے۔ صوبائی اسمبلی کی تحلیل سے عوام کا بوجھ ہلکا ہو گا۔ پی ٹی آئی کے دور میں صوبے میں کرپشن، بدامنی میں اضافہ ہوا، میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ صوبائی حکومت نے کے پی کے عوام کو آٹے کی قطاروں میں لگایا، نالائقوں نے صوبے کو کھنڈر بنا دیا۔ وہ تیمرگرہ دیرپائن میں کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ٹرائیکا نے عوام کے ساتھ ظلم کیا۔ تینوں نے مل کر ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا۔ حکمرانوں نے قرضے ہڑپ کیے۔ کرپشن عام کی، احتساب کے ادارے ختم کیے، سیاست اور معیشت کو یرغمال بنایا اور عوام کے ارمانوں کا خون کیا۔ لوگ ایک تھیلا آٹے کے لیے ترس رہے ہیں۔ ذخیرہ اندوز اور مافیا اربوں کما رہے ہیں۔ مافیاز تینوں بڑی جماعتوں میں موجود ہیں، انہوں نے ماضی میں بھی مصنوعی بحران پیدا کر کے اپنی جیبیں گرم کیں۔ حکمرانوں نے ہمیشہ عوام سے دشمنی کی، یہ سیاسی و معاشی دہشت گرد ہیں۔ ان کی آپس کی لڑائیاں مفادات کے لیے ہیں۔ جماعت اسلامی کا ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج جاری ہے، عوام اپنے حق کے لیے آواز بلند کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

ای پیپر-دی نیشن