• news

دنیا پور : اراضی تنازعہ پر دو گروپوں میں فائرنگ، 5 افراد قتل، 11 زخمی 


دنیاپور‘لودہراں ‘جلہ آرائیں (نمائندوں سے) زمین پر قبضے کا تنازع پر تصادم ، دو گروپوں میں فائرنگ سے 5 افراد قتل اور 11 شدید زخمی ہوئے۔  تفصیل کے مطابق نواحی چک نمبر 34۔ایم میں نمبردار خواجہ جاویدکے نمبرداری کے 100 کنال سرکاری رقبہ پر محمد خان رکھیا وغیرہ نے قبضہ کیا ہوا تھا۔ گزشتہ ماہ 29 دسمبر کو محکمہ مال اور پولیس نے نمبردار خواجہ جاوید کو قبضہ واپس دلوادیا تھا، دو روز قبل محمد خان رکھیا وغیرہ نے زمین پر دوبارہ قبضہ کرنا چاہا لیکن پولیس نے موقع پر پہنچ کر انہیں قبضہ نہ کرنے دیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔ گزشتہ روز سہ پہر تین بجے جب خواجہ جاوید وغیرہ اپنی زمینوں پر ہل چلانے آئے تو محمد خان گروپ نے انہیں روکا جس پر دونوں گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا جس میں خواجہ گروپ کا ملازم شاہ جبکہ رکھیہ گروپ کا سجاول جاں بحق ہوگئے۔  جس کے بعد رکھیہ گروپ کے مسلح افراد نے دوبارہ خواجہ گروپ پر حملہ کر دیا اور فائرنگ کر کے خواجہ گروپ کے غلام شبیر ، شعیب اور اقبال کو قتل کر دیا۔ ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن