پاکستان‘ ایران کا بارٹر معاہدے پر عملدرآمد‘ تجارتی رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق
اسلام آباد (نیٹ نیوز) پاک ایران مشترکہ سرحدی تجارتی کمیٹی کے اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اہداف کے حصول میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے، دوطرفہ قانونی تجارت بڑھانے اور بارٹر معاہدے پر عمل درآمد پر اتفاق کیا گیا۔ 10ویں اجلاس میں ایرانی وفد کی قیادت ڈپٹی گورنر سیستان-بلوچستان داؤد شہرکی نے کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت کسٹمز چیف کلکٹرز عبدالقادر میمن نے کی۔ ایرانی قونصل جنرل کوئٹہ حسن درویش، صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی عبداللہ اچکزئی، سینئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور دیگر سرکردہ تاجر رہنمائوں اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ داؤد شہرکی نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ طے شدہ تجارتی اہداف کو حاصل کرنے اور تعاون کے ذریعے رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم پاکستان کے ساتھ مزید سرحدی منڈیاں کھولنے کے لیے تیار ہیں، کمیٹی کے 2010ء کے اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ چیف کلکٹر کسٹمز عبدالقادر میمن نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ اہداف کا حصول اور تجارت کو فروغ دینا ضروری ہے‘، انہوں نے ترقی اور تجارت بڑھانے کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔