حضرت ابوبکر صدیق ؓتحفظ ختم نبوت کے پہلے سپہ سالار تھے، عزیز الرحمن ثانی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا علیم الدین شاکر، میاں محمدرضوان نفیس، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، مولانا محمداشرف گجر، قاری مسعوداحمد، قاری محمداقبال نے یوم صدیق اکبر ؓکے حوالے سے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق ؓتحفظ ختم نبوت کے پہلے سپہ سالار تھے ۔حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کو ایسی رفاقت میسر آئی کہ تاریخ انسانیت اسکی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔انہوں نے کہا کہ مملکت خداد پاکستان کی پارلیمنٹ نے منکرین ختم نبوت قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دے کر اسلام کے بنیادی عقیدہ ختم نبوت کو آئینی وقانونی تحفظ فراہم کیا لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ختم نبوت وناموس رسالت قوانین پر مکمل و مؤثر عملدرآمد کروایا جائے کیوں کہ امتناع قادیانیت ایکٹ پر عدم عملدرآمد سے قادیانی فتنہ کی اسلام و آئین پاکستان مخالف سرگرمیاں روزبروز بڑھتی جارہی ہیں جو غیور اسلامیان پاکستان کے لیے انتہائی ناقابل برداشت ہیں۔