الیکشن نتائج میں تاخیر، ردوبدل، آج ملک بھر میں مظاہرے ہونگے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 15جنوری کو کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر جس اعتمادکا اظہار کیا ہے۔ اس پر شہر کی عوام، جماعت اسلامی کراچی سمیت پورے ملک میں کارکنوںکو مبارک باد دیتا ہوں۔ جماعت کراچی میں بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔ لوئردیر سے جاری ویڈیو پیغام میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کراچی انتخابات کے نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کرے گی۔ جماعت اسلامی عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کے خلاف ہر سطح پر بھرپور مزاحمت کرے گی۔ امیر جماعت نے الیکشن نتائج کو دیر تک روکے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن کمشن کا امتحان ہے اور اس سے عوام کے ذہنوں میں ادارہ کے بارے میں شکوک شبہات پیدا ہو رہے ہیں، عوامی مینڈیٹ کا ہر حال میں احترام ہونا چاہیے۔ سراج الحق نے کراچی کے عوام اور تمام سٹیک ہولڈرز کو یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی سندھ کے صوبائی دارالحکومت میں امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کا دوبارہ آغاز کرے گی اور شہر کو ماضی کی طرح روشنیوں کے شہر میں تبدیل کرے گی۔ کرپشن، بیڈ گورننس اور سودی معیشت ملک کے مسائل کی جڑیں ہیں۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے ساتھ ساتھ باقی سیاسی جماعتوں کے انتخابی نتائج میں بھی ردوبدل تاخیر کی جا رہی۔ عوام اور کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں۔ اس وقت جماعت اسلامی بلدیاتی الیکشن میں سب سے بڑی پارٹی بن کر سرفہرست آ چکی۔ جماعت اسلامی کے پولنگ ایجنٹوں کے نتائج واضح کرتے ہیں کہ جماعت اسلامی اکثریت میں ہے، لیکن الیکشن کمشن کی جانب سے اب تک نتائج جاری نہ کرنے سے شکوک و شبہات مزید بڑھ رہے ہیں۔ سراج الحق نے آج منصورہ میں مرکزی نظم کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ سراج الحق نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور کراچی بلدیاتی الیکشن کے نتائج میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا نتائج میں تاخیر سے ادارے کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے اور عوام کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں۔ الیکشن کمشنر نے امیر جماعت کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تحفظات دور ہوں گے اور انتخابات کی شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
سراج الحق