عمران فواد چودھری کے وارنٹ معظل الیکشن کمیشن توہین کیس کی سماعت جاری رکھے : ہائیکورٹ
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے الیکشن کمشن کی جانب سے عمران خان اور فواد حسین چودھری کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے۔ عدالت عالیہ نے الیکشن کمشن کیس کی سماعت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ الیکشن کمشن نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشن کے بارے میں غیر پارلیمانی زبان کے استعمال پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے جنہیں ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ الیکشن کمشن کوئی آئینی عدالت نہیں ہے نہ ہی اسے کسی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار ہے۔ وکلاء کا مؤقف تھا کہ درخواست گزاروں کے خلاف تین جنوری کو الیکشن کمشن میں سماعت تھی جہاں پر یہ کیس 17 جنوری تک ملتوی کیا گیا‘ لیکن اس دوران 10 جنوری کو الیکشن کمشن نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ عدالت عالیہ نے وکلاء کے دلائل کے بعد وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے۔
وارنٹ معطل