ملک بھر میں پولیو مہم‘ لاہور میں 6 ہزار سے زائد ورکر فیلڈ میں: ڈی سی
لاہور /اسلام آباد /کراچی /پشاور /کوئٹہ (خبر نگار + ایجنسیاں) پاکستان کو پولیو وائرس سے نجات دلانے کے لئے رواں سال کی پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا۔ انسداد پولیو مہم 20 جنوری تک پنجاب، سندھ، آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جاری رہے گی۔ قومی انسداد پولیو مہم کا پہلا فیز 16تا 20جنوری جبکہ دوسرا فیز 23تا 29 جنوری منعقد ہو گا۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران 5سال تک کی عمر کے 2کروڑ 20لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انسداد پولیو مہم کیلئے84 ہزار 500 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سیالکوٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے بنیادی مرکز صحت اگوکی میں کمسن بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے اور وٹامن ڈی کے کیپسول دیکر مہم کا افتتاح کیا۔ خیبر پختونخوا میں 28 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کیلئے 11ہزار 464ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ مہم کا دوسرا فیز کراچی اور حیدر آباد کے 16اضلاع میں ہو گا۔ 3روزہ پولیو مہم کے بعد 2روز کیچ اپ ڈیز ہوں گے جس میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔ پولیو مہم میں 25لاکھ 99ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ڈی سی لاہور محمد علی نے کہا کہ پولیو مہم بھرپور طریقے سے جاری رہی۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ 6300 پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پولیو کے قطروں کے ساتھ ساتھ وٹامن اے کے قطرے بھی پلا رہے ہیں۔ ڈی سی لاہور محمد علی نے کہا کہ پولیو ورکرز کی سکیورٹی کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران اور اسسٹنٹ کمشنرز پولیو ورکرز کی سخت مانیٹرنگ کریں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ حامد رشید نے تحصیل رائیونڈ کے علاقے میں پولیو ورکرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار عمران صفدر نے یو سی 52 میں ٹیم نمبر 107 گرین لینڈ ہائوسنگ سکیم مین جی ٹی روڈ مناواں میں پولیو ورکرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں ڈی سی لاہور محمد علی نے یو سی 09 قلعہ لکشمن سنگھ کا دورہ کیا اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد مرتضیٰ بھی ڈی سی لاہور کے ہمراہ تھے۔