• news

عمران حملہ کیس: ملزم نوید کا بھائی اور بھانجا بازیابی کے بعد رہا 


لاہور (آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر حملہ کیس کے ملزم نوید کے بھائی اور بھانجے کو بازیاب کروا کے رہا کر دیا۔ عدالت عالیہ میں جسٹس عالیہ نیلم نے ملزم نوید کی اہلیہ کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر آر پی او گوجرانوالہ عدالت پیش ہوئے اور بتایا کہ پولیس نے کسی کو اپنی غیر قانونی تحویل میں نہیں رکھا۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیئے کہ عدالتی نوٹس موصول ہوتے ہی پولیس نے ان افراد کو رہا کر دیا تھا۔ پولیس نے ملزم نوید کے بھائی شفیق اور بھانجے علی رضا کو غیر قانونی حراست میں رکھا اور ان کی گرفتاری نہیں ڈالی تھی۔ عدالت نے بازیاب ہونے کی بنا پرحبس بے جا کی درخواست نمٹا دی۔ ملزموں کے وکیل میاں دائود ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر فائرنگ کیس میں پیشرفت ہوئی ہے، پولیس نے دو ماہ سے نوید کے بھائی اور بھانجے کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا ہوا تھا، غیر قانونی حراست میں رکھنے والے مغویان سے جے آئی ٹی پسند کا بیان لینا چاہتی تھی۔ عمران خان اور انکے رہنما پولی گرافک ٹیسٹ سے بھاگ رہے ہیں اور شامل تفتیش نہیں ہورہے۔

ای پیپر-دی نیشن