• news

پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے پر وزیروں‘ مشیروں سے مراعات واپس


شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی طرف سے بنائے گئے سیاسی مشیر و پولیٹیکل اسسٹنٹ، وزراء سے فوری طور پر سرکاری گاڑیاں واپس منگوالی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ان افراد کو دی جانے والی پولیس سکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ہیں۔ جبکہ وزرائ، مشیران اور پولیٹیکل اسسٹنٹ کو دیئے جانے والے دفاتر بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں اسمبلی کے تحلیل ہونے کے بعد سیاسی طور پر بنائے گئے مشیر اور پولیٹیکل اسسٹنٹ سے تمام مراعات واپس لے لی گئی ہیں۔ تاہم مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواران صوبائی اسمبلی نے اپنے اپنے ڈیرے دوبارہ آباد کر لیے ہیں اور وہاں عوام کی خدمت کیلئے عملہ بھی مقرر کر دیا ہے جہاں لوگوں کو چائے، پانی، بسکٹ اور دیگر لوازمات سے مستفید کیا جا رہا ہے۔ با خبر ذرائع کے مطابق جو ارکان ا سمبلی اور وزراء عوام کے ٹیلیفون نہیں سنتے تھے اور نہ ہی ان سے ملاقات کرتے تھے اب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد انہوں نے بھی عوام سے رابطے بڑھانے شروع کر دیئے ہیں۔ تاہم شہریوں نے بات نہ سننے والے ارکان اسمبلی سے مکمل لا تعلقی کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن