خرم نواز گنڈاپور سے چودھری سرور کی ملاقات‘ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور اور سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے گزشتہ روز ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ چودھری سرور نے کہاکہ ملکی مفاد ات اور جماعت سے بالاتر ہوتا ہے۔ میری سیاست پاکستان کیلئے ہے اللہ نے مجھے جب بھی موقع دیا میں نے ملک کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔ چودھری سرور نے کہاکہ معیشت کی بہتری کیلئے میرا ایک عملی کردار رہا ہے، جی ایس پی پلس سٹیٹس کیلئے میں نے ذاتی حیثیت میں درجنوں یورپین پارلیمنٹیرینز سے ملاقاتیں کیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسائل کی جڑ یہ نظام ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے قومی جسم کو لاحق عارضہ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا تھا نظام انتخاب کو آئین کے تابع لانا ہو گا۔ نظام انتخاب کو ٹھیک کئے بغیر اصلاح کا آغاز نہیں ہو گا۔ الیکشن بھی ہو جائیں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ الیکشن کمشن کے پاس دھاندلی روکنے کی استعداد نہیں ہے،ہم نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کا منظر اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا، جب تک عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا آزادانہ حق نہیں ملے گا بہتری نہیں آئے گی۔