• news

نیپال: طیارے کا بلیک باکس مل گیا: چیخ و پکار کی ویڈیو وائرل 


کھٹمنڈو (شنہوا+ این این آئی) نیپال کے تباہ ہونے والے مسافر طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے۔ نیپال کے وسط میں ایک مشہور سیاحتی مقام پوکھرا کے قریب اتوار کو ایک مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ امدادی کارکنوں نے  ان چار افراد کی تلاش دوبارہ شروع کردی جو ابھی تک لاپتہ ہیں۔ نیپال طیارہ حادثہ میں جان کی بازی ہار دینے والی معاون خاتون پائلٹ کے شوہر بھی پائلٹ تھے اور وہ بھی 16 سال قبل اسی طرح کے فضائی حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال کی ائیرلائن کمپنی کے ترجمان سدرشن برٹولا نے بتایا کہ خاتون پائلٹ انجو کھٹیواڈا نے 16 سال قبل اپنے شوہر پائلٹ دیپک پوکھرل کی فضائی حادثے میں ہلاکت کے باعث ملنے والی انشورنس کی رقم سے جہاز اڑانے کی تربیت حاصل کی تھی۔ ائیرلائن کمپنی کے ترجمان کے مطابق انجو کھٹیواڈا گزشتہ روز حادثے کا شکار ہو جانے والے طیارے میں بطور معاون پائلٹ موجود تھیں اور ان کے انسٹرکٹر ان کے ہمراہ تھے۔ جبکہ ایک مسافر کی لائیو فیس بک ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی جس میں طیارہ گرنے اور اس میں خوفناک آگ بھڑکنے‘ چیخ و پکار کے ہولناک لمحات بھی عکس بند ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن