• news

سیلاب زدگان کی بحالی: سپریم کورٹ‘ ججوں کو کمیٹیوں کی سربراہی سے ہٹانے کا تفصیلی فیصلہ جاری


اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے نگران کمیٹیوں کے خلاف سندھ حکومت کی درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت عظمیٰ نے سیلاب متاثرین کی بحالی پر ججوں کو شہری کمیٹیوں کی سربراہی سے ہٹادیا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی پر اضافی نوٹ تحریر کرتے ہوئے کہا بلاشبہ پاکستان کو سب سے زیادہ خطرہ موسمیاتی تبدیلی سے ہے۔ منصوبہ بندی قومی حکمت عملی کا اہم جزو ہونا چاہئے۔ سیلاب تباہی سے بچاؤ کیلئے کا جامع پلان بنانا وزارت موسمیاتی تبدیلی اور این ڈی ایم اے کی ذمہ داری ہے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے نگران کمیٹیوں کے خلاف سندھ حکومت کی درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے شہری کمیٹیاں اپنا کام قانون کے مطابق جاری رکھیں گی۔ عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سندھ حکومت کی درخواستیں جزوی منظور کرلیں. عدالت نے بحالی اور نگرانی کے لیے شہری کمیٹیوں میں خواتین کو بھی شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا سیلاب زدہ علاقوں میں خواتین کی دیکھ بھال کے لیے طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔ جبکہ پی ڈی ایم اے کو ریلیف آپریشنز کی ہر دو ہفتوں بعد سندھ ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔
ہٹا دیا

ای پیپر-دی نیشن