• news

ڈیووس میں چینی نائب وزیراعظم سے ملاقات افغان طالبان سے روابط رکھنا ضروری: بلاول


ڈیووس‘ کراچی‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ڈیووس میں عرب ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان سے روابط نہ رکھنا مسئلے کا حل نہیں۔ افغانستان میں طالبان سے روابط جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے پر حملے کی تحقیقات افغان حکومت کر رہی ہے۔ پرامن افغانستان کیلئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ افغان عبوری حکومت کو کہا ہے کہ وہ اپنے وعدے پورے کرے۔ پاکستان اور افغانستان دونوں کو دہشتگردی کا سامنا ہے۔ پاکستان نے افغان عبوری حکومت پر لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق زور دیا ہے۔ پاکستان میں مکمل اتفاق ہے کہ جو بھی دہشتگردی میں ملوث ہے اس سے بات نہیں ہو گی۔ عالمی امداد سیلاب متاثرین کی بحالی‘ آباد کاری پر خرچ کی جائے گی۔ دریں اثناء ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد نے نفرت کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر دیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ ثابت ہوگیا پی پی سندھ کے شہری و دیہی علاقوں کی واحد بڑی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کا مشکور ہوں جنہوں نے جیالے امیدواروں کو ووٹ دے کر منتخب کیا۔ پیپلز پارٹی وفاق کی زنجیر ہے، کراچی میں پی پی کی جیت پورے ملک کی فتح ہے، تمام سیاسی اکائیوں کا مل کر کام کرنا عوام کی خوش حالی کی وجہ بنے گا۔ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو منتخب کر کے سندھ حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ کراچی اور حیدرآباد نے نفرت کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر دیا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے53ویں سالانہ اجلاس کے موقع چین کے نائب وزیراعظم لیو ہی سے ملا قات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان کثیرالجہتی اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند شراکت داری کو مزید بڑھانے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
بلاول

ای پیپر-دی نیشن