بھارت کو اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کی عادت ہے:دفتر خارجہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے بھارتی وزی خارجہ کے متنازع بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا بھارت کو اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کی عادت ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے پاکستان پر دہشتگردی پھیلانے اور بالاکوٹ حملے پر بیان کے حوالے سے پاکستان کا ردعمل سامنے آ گیا۔ وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بیان بھارتی قیادت کے پاکستان کے بارے میں جنون کی عکاسی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف جنون ہی انہیں بار بار غیر ذمہ دارانہ بیانات پر مجبور کرتا ہے، بھارت کو اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کی عادت ہے۔ زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان مخالفت بیانات ہندوستانی سیاست میں طے شدہ طریقہ کار بن چکا ہے، مقامی سیاسی فائدے کے لیے پاکستان مخالف جذبات کو ہوا دینے کا رواج بند ہونا چاہیے۔ یاد رہے بھارتی وزیر خارجہ نے چنائے میں دوران تقریب پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات لگائے تھے۔