عمران نے مشکل ترین وقت میں ملک کو سنبھالا: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان
گجرات (نامہ نگار) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خور شید نے کہاکہ تحریک انصاف نے پورے ملک میں نہ صرف ڈیلیور کیا بلکہ حالات مشکل ترین ہونے کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو سنبھالا دیا۔ اب حالات ابتری کا شکار ہیں۔ انشاء اللہ عمران خان ملک کو بحرانوں اور مسائل کے بھنور سے نکالیں گے۔ وہ وقت دور نہیں جب الیکشن ہونگے اور تحریک انصاف عوامی طاقت سے دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق کو آرڈنیٹر وزیراعظم چوہدری مدثر رضا مچھیانہ کی طرف سے اپنی رہائشگاہ پر دئیے گئے ظہرانہ پر پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ عوام ہمارے اور ان لوگوں کے دور کا موازنہ کریں حالات اور حقیقت ان کے سامنے آجائے گی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ مدثر مچھیانہ ہمارے بااعتماد اور قابل فخر ساتھی ہیں جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی پارٹی اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا بھرپور ساتھ دیا۔ پارٹی کی مضبوطی کے لیے ان کی خدمات ہر لحاظ سے مثالی ہیں۔ سیلاب زدگان کی امداد ہو یا کوئی بھی تعمیری کام وہ ہمیشہ ہمارے صف اول کے مجاہد ثابت ہوئے ہیں۔