کراچی بلدیاتی الیکشن نتائج کیخلاف جماعت اسلامی کے مظاہرے:مینڈیٹپر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے:مقررین
لاہور‘ گوجرانوالہ، حافظ آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران+نمائندہ نوائے وقت) کراچی میں انتخابی نتائج میں مبینہ ردوبدل اور دھاندلی کے خلاف سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی نے مظاہرے‘ ریلیاں نکالیں اور مارچ کئے گئے‘ الیکشن کمشن پنجاب کورٹ سٹریٹ ایوان عدل کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ مردوخواتین، بچوں نے شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے میں امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری‘ نائب امیر ضلع لاہور ملک شاہد اسلم صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ‘ سیکرٹری سیاسی کمیٹی لاہور عامر نثار خان‘ امیر وسطی لاہور شعیب یعقوب‘ امیر غربی لاہور عبدالعزیز عابد‘ ڈاکٹر حمیرا طارق‘ ڈائریکٹر امور خارجہ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی‘ نائبین ضلع لاوہر راشد شاہین‘ شازیہ عبدالقادر‘ راحیلہ انجم‘ سنبل شہباز‘ زیب آصف‘ راحیلہ انجمن اور شہریوں نے شرکت کی۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ خدمت خلق کی سیاست کی ہے۔ قائدین نے الیکشن کمشن‘ حکومت اور سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 8 نشستوں کی انتخابی دھاندلی کو فوری بے نقاب کیا جائے۔ کراچی کی عوام کا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔ جماعت اسلامی کی شکایت شدہ 10 نشستوں پر ری کائونٹنگ کے عمل کو فوری یقینی بنایا جائے۔ قصور‘ گوجرانوالہ‘ حافظ آباد، فیصل آباد‘ سیالکوٹ‘ اوکاڑہ‘ سرگودھا، وزیر آباد، سرگودھا، بھلوال سمیت پورے صوبے میں بھرپور احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے الیکشن کمشن اور سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ شرکاء نے مختلف بینرز‘ فلیکس اور چارٹ اٹھا رکھے تھے۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں تاخیر اور ردوبدل نے سارے انتخابی عمل کو مشکوک بنا دیا ہے۔ عوام کی جانب سے ملنے والے مینڈیٹ کو چرانے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیںگے۔ جبکہ 10 نشستوں پر ری کائونٹنگ کی درخواست کر چکے ہیں۔ پیپلز پارٹی‘ جماعت اسلامی کی اکثریت کو کھلے دل سے قبول کرے۔ مقامی رہنماؤں نے انتباہ کیا جیتی سیٹیں حوالے نہ کیں تو الیکشن کمشن دفاتر کا گھیراؤ کرینگے۔ضلعی یوتھ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام شیرانوالہ باغ سے پرانے ریلوے سٹیشن تک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ قیادت مظہر اقبال رندھاوا ، امیدوار این اے 77حافظ حمید الدین اعوان، صوبائی صدر یوتھ سنٹرل پنجاب بشارت علی صدیقی، ضلعی صدر یوتھ حافظ نعیم فہیم، امیدوار پی پی 63فرقان عزیز بٹ نے کی۔ ڈاکٹر احسان اللہ عثمانی، حافظ غلام مصطفی، خرم سلیم کھوکھر کے علاوہ کارکنوں اور شہریوں کی کثیر تعداد شرکت کی۔ مظہر اقبال رندھاوا اور حافظ حمید الدین اعوان نے کہا عوامی مینڈیٹ کا ہر حال میں احترام ہونا چاہیے۔ کراچی میں جماعت اسلامی کا ہی میئر منتخب ہو گا، بشارت علی صدیقی، فرقان عزیز بٹ، حافظ نعیم فہیم نے کہا کہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے آئین پاکستان سے ہمیشہ بے وفائی کی۔ کراچی بلدیاتی انتخابات کا عوامی مینڈیٹ کسی صورت چوری نہیں، امیر جماعت اسلامی نے حکم دیا تو گوجرانوالہ کی تمام مارکیٹوں کو بند کر کے بھر پور دھرنا دیا جائے گا۔ حافظ آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کارکنوں نے یہاں جامع الفتح کے باہر کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے دوران دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت ضلعی امیر ڈاکٹر محمد یاسین امان اللہ چٹھہ، طارق یعقوب اور محمد ارشد کلیانہ نے کی۔