وکلا کو فول پروف سکیورٹی دے دی: وزیر قانون
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وکلاء پر بڑھتے ہوئے حملوں اور جرائم پر تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ جرائم پر قابو پایا جائے۔ خصوصاً وکلاء کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے۔ پشاور میں سابق صدر سپریم کورٹ بار عبداللطیف آفریدی ایڈووکیٹ کی نمازجنازہ کے بعد آئی جی کے پی کے سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔نمازجنازہ کے بعد خیبر پختونخواہ بارکونسل میں وکلاء کے نمائندہ وفد سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیرِ قانون سے انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کی بھی ملاقات ہوئی جس میں حفیظ الرحمان چوہدری وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل، احسن بھون ایڈوو کیٹ/ سابقہ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور دیگر وکلاء بھی موجود تھے۔ انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا نے وفاقی وزیر قانون کو عبداللطیف آفریدی مقدمہ قتل کی تفتیش کے بارے آگاہ کیا۔ وزیر قانون نے ہدایت کی کہ تفتیشی اور قانونی لحاظ سے ہر تقاضہ پورا کیا جائے اور ملوث ملزم کو قانونی طریقہ سے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔