انٹرنیشنل کمیونٹی کو کرپٹ ٹولے کا پتہ ہے: شیخ رشید
مانچسٹر؍ راولپنڈی (عارف چودھری+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے مانچسٹر پہنچنے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھی انیل مسرت اور پی ٹی آئی برطانیہ کے سابق صدر رانا عبدالستار کے ساتھ ملاقات کی اور نوائے وقت کے ساتھ خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی اور ملکوں کو کرپٹ ٹولے کا پتہ ہے۔ اس لئے ان کو کوئی پیسہ نہیں دے رہا۔ 35ممبران قومی اسمبلی کے استعفے قبول کرنا حکومتی سازش ہے۔ شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا۔ مسلم لیگ کے بہت سارے ایم این اے پارٹی کو چھوڑ جائیں گے۔ آرمی چیف کا کہنا کہ ملک معیشت کے نازک دور سے گزر رہا ہے حکومت کے لئے یہ اشارہ کافی ہے۔ لال حویلی میں بات چیت کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو اپنی عیاشیوں سے فرصت نہیں ہے۔ چند ہفتوں میں سیاست میں ہمہ گیر تبدیلیاں آ سکتی ہیں۔ 13 سیاسی جماتوں کا بھان متی کا کنبہ اپنی سیاسی موت مر رہا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ کہتے تھے کہ عمران خان کو سیاست نہیں آتی، ان کو عقل آ جانی چاہئے۔ شہباز شریف پر عدم اعتماد بھی آسکتی ہے۔ اپرایل تک الیکشن شیڈول بھی آ سکتا ہے۔ نواز شریف لندن میں قید تنہائی کاٹ رہا ہے، یہ پاکستان نہیں جائے گا۔ امریکہ کو پتہ ہے عوام عمران کے ساتھ ہیں۔