پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں واپس نہیں جائے گی: فواد چودھری
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم قومی اسمبلی میں واپس نہیں جارہے البتہ اپوزیشن لیڈر اور دیگر عہدے لینے کے لیے سپیکر نے حاضری لگانے کا کہا تو لگالیں گے۔ ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارا قومی اسمبلی میں واپسی کا تو کوئی ارادہ نہیں البتہ اپوزیشن لیڈر اور دیگر عہدے لینے کا ارادہ ضرور ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں واپس نہیں جائے گی تاہم اگر سپیکر نے بلاکر حاضری لگانے کا کہا تو عہدوں کے لیے یہ کام کرلیں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت ستمبر یا اکتوبر میں الیکشن کرائے تو ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ پرویز الہیٰ کو اسٹیبشلمنٹ نے بلا کر کہا کہ اسمبلی نہیں توڑنی، ایسی صورت میں وہ اے پالیٹیکل نہیں ہوئی، باجوہ صاحب کا سیٹ اپ اب تک کام کررہا ہے، عمران خان کی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تلخیاں شہباز گل اور اعظم سواتی واقعات کے بعد ہوئیں۔ دریں اثناء سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ ہمارے 33 استعفے منظور کئے گئے‘ تمام استعفے منظور کئے جائیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے جو کچھ کیا وہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ سیاسی عدم استحکام میں ملک نہیں چلتا۔ ان کے کاروبار بڑھ رہے ہیں‘ ملکی معیشت کی تباہی کی پروا نہیں۔ پیپلز پارٹی سندھ تک محدود ہو گئی ہے‘ کراچی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی دھاندلی قابل افسوس ہے۔
فواد چودھری