الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب اور خیبر پی کے میں انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں
`
لاہور؍ اسلام آباد (سپیشل رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ2017کے سیکشن 39کے تحت انتخابات کے شیڈول کے جاری ہوتے ہی انتخابی فہرستوں کو منجمد کر دیا جائے گا جس کے بعد ووٹ کے اندراج، منتقلی و درستگی کا عمل الیکشن کے انعقاد تک روک دیا جائے گا۔ عوام الناس اور رائے دہندگان کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ پنجاب، خیبر پی کے اور قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے شیڈول جاری ہونے سے پہلے انتخابی فہرستوں میں ووٹ کا اندراج و منتقلی، حذف اور درستگی کوائف کروا لیں۔ اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات جاننے کے لیے 8300 پر شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کریں اور ووٹ اندراج و منتقلی کے لیے فارم نمبر 21، کسی ووٹ پر اعتراض/ حذف کے لیے فارم نمبر 22 اور درستگی کوائف کے لیے فارم نمبر 23 متعلقہ دفتر ضلعی الیکشن کمشنر میں جمع کروایا جا سکتا ہے۔ مزید معلومات اور فارم الیکشن کمشن کی ویب سائیٹ www.ecp.gov.pk یا متعلقہ ضلعی الیکشن کمشنر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ دریں اثناء پنجاب اور خیبر پی کے اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد الیکشن کمشن نے دونوں صوبوں میں عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے مشاورت کا آغاز کردیا ہے اور اس سلسلے میں گورنر پنجاب اور گورنر خیبر پی کے کو عام انتخابات کی تاریخ کے لیے باقاعدہ خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن ذرائع کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت 3 ماہ میں عام انتخابات کروانے کا الیکشن کمشن پابند ہے۔ اس کے لیے تاریخ میں پہلی بار صوبائی عام انتخابات کے لیے گورنر سے خط و کتابت کی جائے گی۔ الیکشن کمشن گورنر پنجاب اور کے پی کے کو 3 تاریخیں خط میں تجویز کرے گا اور دونوں صوبوں کے گورنر عام انتخابات کی حتمی تاریخ کا فیصلہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے عدلیہ اور بیوروکریسی سے بھی ڈی آر اوز اور آر اوز لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں جلد ہی بیوروکریسی سے ڈی آر اوز اور آر اوز کے لیے فہرست طلب کرے گا۔ الیکشن پنجاب کے انتخابات کے لیے الیکشن عملے کی فہرستیں بھی مانگے گا، جس کے بعد الیکشن عملے کو تربیت فراہم کی جائے گی۔
الیکشن کمشن، انتخابات