• news

ن لیگ نے کمیٹی کیلئے 3نام دیدئے  مئی کے آخر میں الیکشن نظر آرہے ہیں : سپیکر پنجاب اسمبلی 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے حزب اقتدار اور حزب اختلاف کی طرف سے پارلیمانی کمیٹی کے لیے تین تین افراد مقرر کردیئے گئے ہیں۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق اتحاد کے بعد حزب اختلاف نے ملک محمد احمد خان، سید حسن مرتضی اور خلیل طاہر سندھوکو نامزد کیا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ اللہ کرے سیاسی لوگ اس معاملے کو سیاسی طور پر حل کر لیں۔ اگر اتفاق نہیں ہوا کسی وجہ سے تو، نگراں وزیر اعلی کے تقرر کیلئے نام الیکشن کمشن کو بھجوا دیں گے۔  سپیکر  نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے جو کیا پہلے وہ کہتے تھے فرداً فرداً بلائوں گا۔ پھر انہوں نے اچانک 35 لوگوں کا استعفیٰ قبول کر لیا۔ سپیکر قومی اسمبلی بادشاہ ہیں، مغلیہ دور ہے، جو مرضی کریں۔ مجھے مئی کے آخر میں الیکشن ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان سے حکومتی اتحاد کے پارلیمانی کمیٹی کیلئے نامزد ارکان میاں اسلم اقبال، راجہ محمد بشارت اور ہاشم جواں بخت نے ملاقات کی اور نگران وزیراعلیٰ کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا۔
سبطین خان

ای پیپر-دی نیشن