کیا اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے پاکستان آنا ہو گا طریقہ کار مشکل بنا دیا گیا : سپریم کورٹ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس میں عمران خان اور شیخ رشید کی درخواستوں پر الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے معاونت کیلئے اٹارنی جنرل اور نادرا کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔ وکیل داؤد غزنوی کی الیکشن ایکٹ ترمیم کیخلاف اپیل پر بھی نوٹس جاری کر دیئے۔ عدالت نے آبزرویشن دی کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ سے روکنے کیلئے پولنگ کا طریقہ کار مشکل بنا دیا گیا۔ وکیل داؤد غزنوی کی الیکشن ایکٹ ترمیم کیخلاف اپیل پر بھی نوٹس جاری کیا گیا۔ جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے پاکستان آنا ہوگا یا باہر رہ کر بھی ووٹ ڈال سکتے ہیں، بظاہر ووٹنگ کا طریقہ اتنا مشکل بنا دیا گیا ہے کہ اوورسیز ووٹ ڈال ہی نہ سکیں، ووٹ کا حق ختم نہیں کیا گیا مسئلہ صرف طریقہ کار کا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل عارف چودھری نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا تھا، الیکشن ایکٹ میں ترمیم عدالتی فیصلے کی روح کے خلاف ہے۔ عدالت کے حکم پر نادرا نے سسٹم بنایا اور ضمنی انتخابات میں تجربہ ہوا تھا۔ ضمنی انتخابات میں کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا۔ ترمیم کرکے دوبارہ پائلٹ پراجیکٹ کرنے کا کہا گیا تاکہ قانون سازی ہوسکے۔ عدالت نے کہا نادرا اور الیکشن کمشن معاونت کریں کہ بنایا گیا سسٹم معیار کے مطابق ہے یا نہیں۔ جبکہ کیس کی مزید سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
اوورسیز ووٹ