• news

صحابہ کرامؓ‘ اہلبیت عظام و امہات المومنینؓ حرمت بل کی منظوری احسن اقدام: زبیر احمد ظہیر


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر، مرکزی سیکرٹری جنرل پروفیسر عدنان فیصل اور صوبہ پنجاب کے امیر میاں محمد اصغر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے قومی اسمبلی سے صحابہ کرامؓ، اہلبیت عظام و امہات المومنینؓ کی حرمت کے بل کی منظوری پر ہم مولانا عبدالاکبر چترالی اور تمام ممبران قومی اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے یہ مبارک اور مقدس قانون منظور کر کے ایک احسن ترین خدمت سرانجام دی ہے۔ قومی اسمبلی میں اس بل کا منظور کیا جانا ملک کو فرقہ واریت سے بچانے اور قومی وحدت کو مضبوط بنانے کیلئے ایک تاریخی اقدام ہے۔ جس سے بیرونی قوتوں کے اشارے پر پاکستان میں فتنہ و فساد پھیلانے کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند ہوگا اس قانون کا منظور کیا جانا ملک استحکام اور اتحاد بین المسلمین کیلئے انتہائی ضروری تھا ہم پارلیمنٹ کو اس تاریخ ساز اور بہترین فیصلہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس قانون کو فوری طور پر نافذ کیا جائے اور اس کو بلاامتیاز مؤثر بنایا جائے۔ باالخصوص سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلوں میں اشاروں کنایوں میں اکابرین اسلام کی شان میں گستاخیاں اور بے ادبی کرنے والوں کیخلاف فوری اور مؤثر کارروائی ہونی چاہیئے۔

ای پیپر-دی نیشن