ڈیڑھ کروڑ کا لہسن چوری، ملزم ضمانت خارج ہونے پر وکیل کی مدد سے فرار
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہورہائیکورٹ سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا لہسن چرانے والے2ملزموں کی ضمانت خارج ہونے پر ایک وکیل کی مدد سے فرار ہونے میں کامیاب جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے مدعی تاجر نے پارکنگ میں مخالف وکیل کی گاڑی کے آگے دھرنا دے دیا۔ مدعی کے دھرنے کے بعد وکیل کو اپنی گاڑی میں بٹھایا، مجرم پولیس کے حوالے کرنا پڑ گیا۔ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی عدالت سے 2ہزار کلو گرام لہسن جو کہ ادویات میں استعمال کیا جاتا ہے کی چوری میں ملوث عبداللہ جان اور جاوید نامی ملزمان کی ضمانت خارج ہونے پر عدالت میں موجود ان کے وکیل سید عمران نقوی کی معاونت سے ملزم عبداللہ جان فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ جاوید بھی بھاگ کر پارکنگ میں کھڑی اپنے وکیل کی گاڑی میں بیٹھ گیا۔ وکیل نے گاڑی بھگا کر لے جانے کی کوشش کی تو موقع پر موجود مدعی مقدمہ شمس الرحمان وکیل کی گاڑی کے آگے دھرنا دے کر بیٹھ گیا جس پر ملزمان کے وکیل سید عمران علی نقوی کو مجبور امحمد جاوید کو وہاں موجود تھانہ سول لائن گوجرانوالہ کی پولیس کو دینا پڑ گیا۔