یوکرائن:ہیلی کاپٹر سکول پر گر گیا،وزیر داخلہ،3بچوں سمیت 18ہلاک
کیف (نوائے وقت رپورٹ) یوکرائن کے شہر ہرووری میں ہنگامی ڈیوٹی پر مامور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔ یوکرائن کے ایمرجنسی ریسکیو ہیلی کاپٹر میں وزیر داخلہ اور اور دو اہم سرکاری عہدیداروں سمیت 9 افراد سوار تھے اور نامعلوم مقام کی جانب جا رہے تھے۔ پرواز بھرنے کے تھوڑی دیر بعد ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد اور جہاں گرا‘ وہاں موجود مزید 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہیلی کاپٹر گرنے کے مقام پر بڑی تعداد میں شہری اور بچے موجود تھے۔ 3 بچے بھی ہلاک ہوئے جبکہ 29 زخمیوں میں 15 بچے بھی شامل ہیں۔ سرکاری میڈیا نے ابتدا میں یہ بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر ایک پرائمری سکول پر گرا تھا‘ تاہم بعد میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر ایک نرسری کے نزدیک گرا تھا جہاں بڑی تعداد میں بچے مقیم تھے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ہیلی کاپٹر پہلے پرائمری سکول سے ٹکرایا اور پھر نزدیکی عمارت کے قریب گر کر مکمل طورپر تباہ ہو گیا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ واقعے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
یوکرائن ہیلی کاپٹر حادثہ