مفاد پرستانہ سیاست جلد یا بدیر بے نقاب ہو کر رہے گی: خورشید احمد شاہ
اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی توڑ پھوڑ اور افراتفری کی سیاست جاری ہے اور اس انداز سیاست سے ملک و قوم کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاد پرستانہ سیاست جلد یا بدیر بے نقاب ہو کر رہے گی اور عوام پھر سے تحمل، رواداری اور خدمت کی سیاست کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں اس کی سیاست کا محور بہتان ترازی اور الزام تراشی ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آئے دن نئے نئے اسکینڈلز تراشتی ہے اور پھر ان پر زور و شور سے سیاست کرتی ہے مگر اس انداز سیاست سے عالمی برادری میں ملک کی ساکھ اور نیک نامی کو بے پناہ نقصان پہنچتا ہے۔