ایران دہشتگردوں کیخلاف کاروائی کرے پاکستان: سفیر کی طلبی
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے پاکستان میں کارروائی کیلئے ایران کی سر زمین استعمال کی ہے۔ پاکستان ایران کی حدود سے ہونے والے دہشت گرد حملے کے شدید مذمت کرتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات ہیں، امید کرتے ہیں کہ ایران دہشتگردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرے گا۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان بھی اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا اور ایران بھی پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے۔ پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض فوج نے دو کشمیری نوجوانوں کو ضلع بڈگام میں ایک جعلی مقابلے میں گاڑی سے اتار کر گولی مار کر شہید کردیا جبکہ ایک 75 سالہ زیر حراست قیدی محمد مقبول خان کی کپواڑہ جیل میں تشدد کے باعث موت واقع ہوگئی۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے لیے جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ بلاول بھٹو زرداری اقتصادی تعاون تنظیم وزارت خارجہ کونسل کے 26 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے 25 جنوری کو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند کا سرکاری دورہ کریں گے۔سفارتی ذرائے کے مطابق ایرانی سفیر کو گزشتہ روز دفتر خارجہ طلب کرے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا مراسلے میں کہا گیا ایران اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہونے سے ایران دہشتگرد عناصر کیخلاف کارروائی عمل میں لائے۔
دفترخارجہ