روسی وفد کی شہباز شریف سے ملاقات : تیل گیس کی فراہمی پر مذاکرات پاکستان اہم پارٹنر پیوٹن
اسلام آباد؍ سرگودھا (خبر نگار خصوصی+ نمائندگان خصوصی) وزیر توانائی کی سربراہی روسی وفد نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کو روسی تیل و گیس کی طویل المدتی فراہمی پر مذاکرات ہوئے۔ وزیراعظم کو روسی صدر پیوٹن کا پیغام بھی پہنچایا گیا جس میں انہوں نے پاکستان کو جنوبی ایشیا اور عالم اسلام میں اپنا اہم پارٹنر قرار دیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور روس کے باہمی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ستمبر 2022 میں سمرقند میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں پاکستان اور روس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے تھے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی معاملات میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ روس کے وزیر توانائی نے وزیر اعظم کو روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ صدر پیوٹن نے اپنے پیغام میں پاکستان کو جنوبی ایشیا اور عالم اسلام میں روس کا اہم پارٹنر قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے روس کی بھرپور دلچسپی کا اعادہ کیا۔ دونوں اطراف نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں روس سے پاکستان کو طویل المدتی بنیادوں پر تیل اور گیس کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گیس پائپ لائنز سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے 20 جنوری 2023 کو اسلام آباد میں ہونے والے پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے آٹھویں دور کے کام کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا۔ دوسری طرف روسی بین الحکومتی کمیشن کا 8واں اجلاس دوسرے دن بھی جاری رہا۔ دونوں اطراف نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تکنیکی مشاورت کی۔ دونوں اطراف نے اجلاسوںکے پروٹوکول کے مسودے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس مسودہ پروٹوکول پر ہونے والے پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے مکمل اجلاس میں معاہدے ہوں گے اور طے پانے والے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ اس مشاورت کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور تعاون کی سطح کو بڑھانا ہے۔ روس نے کہا ہے کہ مختلف شعبوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جو پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے کی راہ ہموار کرے گی۔ پاکستان اور روس کے وفود کی سطح پر توانائی، تیل وگیس، زراعت، مالیات، تجارت، سرمایہ کاری، کسٹم، صنعت، تعلیم سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں، مواصلات، روڈز، پوسٹل سروس اور ریلوے کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ دریں اثناء وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے چودھری حامد حمید سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن سے نہ پہلے بھاگے تھے نہ اب بھاگ رہے ہیں۔ عوامی خدمت کے ذریعے ہی ن لیگ پہلے بھی اقتدار میں آئی تھی اور اب پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ اقتدار میں آئے گی۔ سرگودھا پاکستان مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے۔ سرگودھا کی تعمیر و ترقی کیلئے موجودہ دور اقتدار میں جو کچھ ہوسکا وہ کروں گا۔
روس؍ شہباز شریف