• news

پارلیمانی  کمیٹی اجلاس آج : نگران وزیر اعلی پنجاب کے نام  پر اتفاق  نہ ہوا تو الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام پر اتفاق رائے کی غرض سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے قائد حزب اقتدار اور قائد حزب اختلاف کی طرف سے تین تین اراکین پر مشتمل کمیٹی کو پارلیمانی کمیٹی قرار دے کر نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ آج دونوں اطراف کے سینئر اراکین پر مشتمل کمیٹی نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پر اتفاق رائے کیلئے تبادلہ خیال کرے گی۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ پارلیمانی کمیٹی میں تحریک انصاف اور ق لیگ کی جانب سے راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال اور ہاشم جواں بخت کے نام شامل ہیں۔ اسی طرح سے پنجاب کی اپوزیشن جماعتوں نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی جانب سے ملک احمد خان، ملک ندیم کامران اور سید حسن مرتضیٰ کے نام شامل ہیں۔ یہ کمیٹی تین دن میں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی اور اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی جانب سے دیئے گئے ناموں میں سے کسی ایک نام پر اتفاق کرے گی اور اگر اس پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق نہ ہوا تو پھر عبوری وزیراعلیٰ کی تعیناتی کا معاملہ الیکشن کمشن کے پاس چلا جائے گا۔ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر دو بجے ہوگا۔
پارلیمانی کمیٹی

ای پیپر-دی نیشن