• news

کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہوگا، دھاندلی سے ہماری کچھ سیٹیں چرائی گئیں: سراج الحق 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی آئندہ سو سال بھی اقتدار میں رہیں تو بہتری نہیں آئے گی، تینوں سٹیٹس کو کا تسلسل ہیں، تینوں کو بار بار اقتدار ملا، تینوں نے ہر بار قوم کو دھوکا دیا۔ برسراقتدار ٹرائیکا نے معیشت تباہ کی، عوام کو غربت، مہنگائی اور بے روزگاری دی، اپنی جائدادیں بنائیں، لوٹ مار کی، خزانہ اور توشہ خانہ لوٹا۔ حکمرانوں نے ملک کو معاشی ہی نہیں سیاسی اور اخلاقی لحاظ سے بھی دیوالیہ کر دیا۔ اب قوم ووٹ کی طاقت سے ہی لٹیروں کا احتساب کرے گی۔ جماعت اسلامی ملک کے لیے امید کی کرن اور وقت کی ضرورت ہے۔ ہم پاکستان کو جدید اسلامی ریاست بنانا چاہتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد کی جانب سے کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ سراج الحق نے کہا کہ اہلیان کراچی نے سٹیٹس کو اور فرسودہ نظام کو مسترد کر دیا ہے۔ کراچی اپنی اصل کی طرف لوٹ آیا، کراچی پورے ملک کے لیے امید کی کرن لے کر آیا ہے۔ یقین سے کہتا ہوں کہ شہر کا میئر جماعت اسلامی کا ہو گا۔ دھاندلی سے ہماری کچھ سیٹیں چرائی گئیں، سازش کے ذریعے پیپلز پارٹی کو کراچی کی بڑی جماعت بنانے کی کوشش ہوئی۔ واضح کر دوں ہمارا ایک حلقہ تو کیا کوئی ایک ووٹ بھی ہضم نہیں کر سکتا۔ جماعت اسلامی پرامن جماعت ہے، ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو مینڈیٹ دیا، یہ مینڈیٹ مکمل طور پر واپس کیا جائے۔ جماعت اسلامی کراچی کی خدمت کے لیے تیار ہے، شہر کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔ جماعت اسلامی کراچی میں امن، استحکام اور خوشحالی لائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن