• news
  • image

وزیراعظم محمد شہبازشریف کا دورہ متحدہ عرب امارات

 دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار
 شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم شہباز شریف کا ابوظہبی میں خیرمقدم ،دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا
--------------------------------
  وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ عزت مآب شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم شہباز شریف کا ابوظہبی میں خیرمقدم کیا اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خواہش کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے گرانقدر تعاون کی تعریف کی وزیراعظم نے برادر ملک میں مدعو کرنے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اور خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقے اور ذرائع تلاش کئے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید گہرا کرنے، شراکت داری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے انضمام کے مواقع کو فعال کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور رفتار فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر دو طرفہ تبادلوں اور باقاعدہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ متحدہ عرب امارات کے صدر نے 2 بلین امریکی ڈالر کے موجودہ قرضے کو رول اوور کرنے اور 1 بلین امریکی ڈالر اضافی قرض فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زایدآل نہیان  کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جس پر انہوں نے رضامندی کااظہارکیا جس کی تاریخوں کا فیصلہ سفارتی ذرائع سے کیا جائے گا۔ بعد ازاں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اورحاکم دبئی عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم سے انکے دبئی پیلس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے وفد میں ابوظہبی ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب محمد حسن السویدی اور انٹرنیشنل ہولڈنگز کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر سید بصر شویب اور دیگر شامل تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ ملاقات کے دوران وفد کو خوراک و زراعت، ہوا بازی، بجلی، متبادل توانائی بشمول شمسی توانائی، مالیاتی خدمات، صحت کی دیکھ بھال، صنعت، لاجسٹکس، رئیل اسٹیٹ، سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں پاکستان کی جیو اکنامک پوٹینشل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ . جناب محمد حسن السویدی نے ابوظہبی ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کمپنی کی عالمی موجودگی کو بڑھانے اور پاکستان کے کاروبار اور سرمایہ کاری کے امکانات کو تلاش کرنے کی تیاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ابوظہبی ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کمپنی مشرق وسطیٰ کے خطے کی سب سے بڑی ہولڈنگ کمپنیوں میں سے ایک ہے جس کے پاس ابوظہبی کی غیر تیل کی معیشت کے کلیدی شعبوں کا احاطہ کرنے والے بڑے کاروباری اداروں کے متنوع پورٹ فولیو ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ سالک حسین اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے وطن کے دفاع اور اس کی حفاظت کے لیے متحدہ عرب امارات کے شہداء کی قربانیوں اور بہادری کے کارناموں کو یاد کرنے کے لیے ابوظہبی میں قومی اور ثقافتی تاریخی مقام واح الکرامہ کا دورہ کیا۔ وزیراعظم پاکستان کا استقبال شہداء کے خاندانی امور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرجناب شیخ خلیفہ بن طحنون نے کیا۔ وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کی پروقار تقریب میں شرکت کی۔ اس کے بعد، وزیر اعظم نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، جس میں متحدہ عرب امارات کی قیادت، عوام اور بہادر فوجیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی علامت کے لیے 31 پینلز ایک دوسرے پر جھکے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم کوواح الکرامہ یادگار  بارے  بریفنگ دی گئی، جو اماراتی بہادر فوجیوں کی قربانیوں کو مجسم بناتی ہے۔ دورے کے اختتام پر وزیراعظم نے یادگار کی مہمانوں کی کتاب پر ایک نوٹ لکھا، جس میں متحدہ عرب امارات کے بہادر شہداء کی تعریف کی۔ واح الکرامہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایک قومی اور ثقافتی نشان ہے، جو متحدہ عرب امارات کے شہداء کے بہادرانہ اقدامات اور یو اے ای کے دفاع میں ان کی قربانیوں کی یاد میں قائم کیا گیا تھا۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن