• news

تحریک لبیک یارسول اللہ ؐ کے زیر اہتمام’’سنی کانفرنس‘‘ 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ ؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام روشن میرج ہال میں عظیم الشان ’’سنی کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت پیر سید محمد رضوان اللہ شاہ نے کی۔ ’’سنی کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہؐ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا عقیدہء توحید و رسالت کی تعلیمات کو پھیلانا بہت بڑا جہاد ہے۔ عقیدہء توحید و رسالت کے تحفظ کیلئے ہر دور میں عاشقانِ رسول نے بڑی قربانیاں پیش کیں۔19فروری کی ’’آل پاکستان سنی کانفرنس‘‘ تحفظ عقائد کے لحاظ سے منفرد کردار ادا کرے گی۔ ملک میں خوشحالی کا راز توحید و رسالت کی برکات پر ہے۔ الحادی لٹریچر ایمان اور یقین کی جڑیں کھوکھلی کر رہا ہے۔ ہم عقائد اہل سنت میں کسی کو مداخلت نہیں کرنے دیں گے۔ اہل بیت اطہار علیہم الرضوان اور صحابہ کرامؓ کی محبت آپس میں لازم و ملزوم ہے۔ شریعت مصطفیؐ کی حفاظت کیلئے عقیدہ ختم نبوت اور عقیدہ ختم معصومیت دونوں کا تحفظ ناگزیر ہے۔ہم عقائد اہل سنت اور حقوق اہل سنت کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ کانفرنس میں سید عبد اللہ خوارزمی، سید ابو حذیفہ ، اکرم جلالی، صاحبزادہ زاہد سلطان، عدیل جلالی، قاری افضل ، نصرا للہ وڑائچ سمیت کثیر تعداد میں علماء و عوامِ اہل سنت نے شرکت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن