کسی اتحاد کا حصہ نہیں،پی ڈی ایم صرف سیاسی اتحاد،ملکرحکومت بنائینگے:فاروق سعید
لاہور(نیوز رپورٹر)پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید نے کہا ہے کہ کسی اتحادی کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ پی ڈی ایم سے صرف سیاسی اتحاد ہے۔اپنا اپنا الیکشن لڑینگے۔جیت کے بعد ملکر حکومت بنائینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی سنٹرل سیکرٹریٹ میں گوجرانوالہ،سرگودھا اور راولپنڈی ڈویژن کے عہدیداروں اور ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس کے بعد قائم مقام صدر رانا فاروق سعید کی ،شہزاد سعید چیمہ ،تنویر اشرف کائرہ،آصف بشیر بھاگٹ میاں نعمان مہوٹہ ،شہباز خان،آ صف بشیر بھاگٹ،فیصل میر،احمد جواد فاروق رانا ،ڈاکٹر خیام حفیظ، کیساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شہزاد سعید چیمہ، چودھری اختر،نرگس فیض ملک، خالدنواز بوبی، حاجی ظل حسنین، رضوان ڈنڈوت، وزیر النسائ، سمیرا گل، میاں ودود حسن ڈار،میاں نعمان بھی موجود تھے۔ رانا فاروق سعید نے میڈیا کے مختلف سوالوں کے جواب میں کہا کہ پنجاب کی ہر نشست پر امیدوار کھڑا کرینگے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی بہت اچھی پوزیشن میں ہے۔ پنجاب میں حکومت بنائیں گے۔ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ صدور سے 7دن میں انتخابی حکمت عملی اور امیدواروں کی فہرست طلب کر لی ہے۔ پارٹی چھوڑ کر جانیوالے ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ناراض اور گھر بیٹھے ساتھیوں کو منا کر واپس لائینگے۔