ایران بارڈر پر پاک فوج کیخلاف کارروائی ناقابل قبول:عبدالغفور راشد
لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ایران بارڈر پر پاک فوج کے خلاف کارروائی قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کا راستہ اختیار کیا ہے۔ ایران کے اندر سے پنجگور بلوچستان میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم علی الاعلان کہتی ہے کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے مگر ایرانی حکومت کا رویہ پاکستان کے ساتھ ہمیشہ معاندانہ رہا ہے۔ بدقسمتی کی بات ہے کہ ہماری سرحدیں ایران سے محفوظ نہیں ہیں جو کہ قابل مذمت ہے۔ پاک فوج پر حملوں کا جاری رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی حکومت دہشت گردوں کو قابو کرنے میں ناکام ہے۔ ہمارا دعویٰ ہے کہ ہم امت مسلمہ کا متحدہ بلاک بنائیں گے لیکن افسوسناک بات ہے کہ ہمارے چھوٹے چھوٹے ملکی اور گروہی مفادات کی وجہ سے یہ تقسیم بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ ہمیں محدود مفادات ، خواہشات اور اختلافات سے بالاتر ہوکر امت کا اجتماعی مفاد سوچنا ہو گاتا کہ دور حاضر میں مسلمانوںعالم سر بلند ہو کر زندگی گزار سکیں۔ توقع ہے ایرانی حکومت پاک فوج پاک پر حملے کے ذمہ داروں کو بے نقاب اور اس کی تحقیقات سے حکومت پاکستان کو آگاہ بھی کرے گی۔