• news

آئین تمام مسالک و مذاہب کی تکریم و احترام کی ضمانت دیتا ہے:علامہ علی اکبر کاظمی


لاہور (خصوصی نامہ نگار)صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں پاس ہونیوالے فوجداری ترمیمی بل 2021ء کو مسترد کرتے ہیں اور ریاست کے ذمہ داران سے مطالبہ کرتے ہیں ایسے کسی بھی بل کو منظور کر کے قانون کا حصہ نہ بننے دیا جائے۔ لاہور میں عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ علی اکبر کاظمی کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان ملک میں بسنے والے تمام تر مسالک و مذاہب کے مقدسات کی تکریم و احترام کو یقینی بنانے کی ضمانت دیتا ہے اور ملک میں بسنے والے تمام تر ذمہ دار شہری اپنا فرض سمجھتے ہیں کہ وہ کسی کے عقائد و نظریات اور مقدسات کی توہین نہ کریں، لیکن اس طرح کی قانون سازی ملک میں متعصبانہ رویوں اور سوچ کو مزید تقویت پہنچانے کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئین پاکستان سے متصادم ہے جس میں ہر مسلک و مذہب کو اس کے مسلمہ عقائد کے مطابق عبادت کا حق حاصل ہے اسے ہرگز قانون کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ علامہ علی اکبر کاظمی کا کہنا تھا کہ نوے کی دہائی سے اس طرح کے تفریق و مذہبی انتہا پسندی کی سوچ پر مبنی بل پاس کروانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں جسے قومی اسمبلی میں موجود باشعور اور ملکی حساسیت کو درک کرنیوالے سپیکر اور اراکین نے منظور نہ کر تدبر اور دور اندیشی کا مظاہرہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن