پرسوں پی ٹی آئی کے مزید ارکان کے استعفوں کی منظوری کا امکان
اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل) سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے23جنوری کو پی ٹی آئی کے مزید ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کا قوی امکان ہے،ارکان کے استعفوں کی منظوری پی ٹی آئی کے لیے بڑا جھٹکا ثابت ہوئی ہے کیوں کہ ارکان کی قلیل تعداد کے سبب تحریک انصاف وفاقی نگراں سیٹ میں مشاورت کا بھی حصہ نہیں بن سکے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کی منظوری کے سلسلے میں سپیکر کی قانونی ماہرین کے ساتھ مشاورت مکمل کی جا چکی ہے اور اب فہرستیں تیاری کے مرحلے میں ہیں۔پی ٹی آئی کے تقریبا 35 مزید ارکان کے استعفے منظور ہوئے تو منحرفین کے سوا تحریک انصاف کے ارکان انتہائی قلیل تعداد میں رہ جائیں گے۔تحریک انصاف کے131 ارکان میں سے یکے بعد دیگرے منظور ہونے والے مجموعی استعفوں کی تعداد 81ہو چکی ہے، جس کے بعدپی ٹی آئی کے ارکان 50رہ گئے ہیں جب کہ ایوان میں پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے علاوہ تقریبا 30ارکان ہی باقی بچے ہیں۔ پی ٹی آئی کے 2 ارکان محمد میاں سومرو اور شکور شاد کا معاملہ بھی عدالت میں زیر التوا ہے۔ذرائع کے مطابق مسلسل کاوشوں کے باوجود تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات سے انکار کیا گیا، جس کے بعد پی ٹی آئی کو ایوان سے اس کے ارکان کے استعفوں کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید استعفے