شہدائے گا ئو کدل کی 33ویں برسی حریت کانفرنس کی ہڑتال کی اپیل
سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں ہفتے کو شہدائے گائو کدل کی 33ویں برسی کے موقع پر سرینگر کے سول لائنز اور ملحقہ علاقوں میں ہڑتال ہوگی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہدائے گائو کدل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سرینگر کے سول لائنز اور ملحقہ علاقوں میں ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔ نا م نہاد بھارتی یوم جمہوریہ26جنوری کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر میں محاصرے تلاشی کارروائی اورشہریوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے ۔ جمعے کے روز سری نگر شہر کے خانیار، نوہٹہ، گوجوارہ ، حول ، صراف کدل ، بہوری کدل ، راجوری کدل علاقوں میں بھی فورسز نے ناکے لگا کر شہریوں کی تلاشی کا عمل جاری رکھا۔دوسری جانب انسداد تجاوزات مہم کے نام پر نہتے شہریوں سے ان کی زمینیں چھیننے کے خلاف احتجاج کاسلسلہ وسیع ہو گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے کئی علاقوں میں جمعے کے روز بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے 5 کشمیری نوجوانوں کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت قید کا حکم کالعدم قرار دے کر ان کی رہائی کا حکم دیا ہے۔ جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے عبدالرشید ملک، سلیم میر، ریاض احمد صوفی، دلاور خواجہ اور زاہد احمد ملک کی قید کی وجوہات کومبہم اور بلاجواز قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کو انہیں رہا کرنے کی ہدایت کی۔ بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے ضلع کپواڑہ میں خودکشی کر لی۔ بھارتی فوج کے لانس نائیک شیوکمار نے ضلع کے علاقے بگاٹورا ہندواڑہ میں اپنے کیمپ میں سروس رائفل سے سر میں گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
کشمیر